مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ پاکستان بھر میں آج نواسہ رسول (ص) حضرت امام حسین (ع) اور شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر جلوس نکالے جا رہے ہیں اور مجالسِ عزا منعقد کی جا رہی ہیں، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ مختلف شہروں میں جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقوں میں موبائل فون کی سروس معطل رہے گی۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے نشتر پارک سے مجلس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہو گا جو اپنے روایتی اور مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہو گا۔
کراچی میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ کی طرف آنے والے راستوں پر کنٹینر رکھ دیئے گئے ہیں۔
جلوس کی گزرگاہ کو جزوی طور پر بند کیا گیا ہے، جلوس برآمد ہونے سے کچھ دیر پہلے گزرگاہ مکمل بند کر دی جائے گی۔
شہر بھر میں بالخصوص مرکزی جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کے اہلکار سکیورٹی پر مامور ہیں۔
پاکستان کےدوسرے بڑے شہر لاہور میں بھی شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر مجالس برپا کی جا رہی ہیں اور جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر لاہور بھر میں بالخصوص مرکزی جلوس کی گزر گاہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے ہیں۔
مرکزی جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کے علاقوں کو سکیورٹی کی وجوہات کی وجہ سے سیل کر دیا گیا ہے۔راولپنڈی میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس کمیٹی چوک امام بارگاہ عاشقِ حسین سے برآمد ہو گا۔
جلوس کی نگرانی کے لیے 3500 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، پولیس کے علاوہ رینجرز کی 2 کمپنیاں مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ جلوس کے مقررہ راستوں کی طرف آنے والے تمام راستوں کو سیل کیا گیا ہے۔
جلوس رات 10 بجے امام بارگاہ قدیمیہ بنی چوک پر اختتام پذیر ہو گا، اس موقع پر چہلم کے جلوس کے ارد گرد علاقوں میں موبائل فون سروس بند کی گئی ہے۔پنجاب کے ضلع ملتان میں شہدائے کربلا کے چہلم کے 9 جلوس برآمد ہوں گے اور 28 مجالس منعقد کی جائیں گی۔
ملتان میں مرکزی جلوس 1 بجے دوپہر امام بارہ گاہ جوادیہ سے برآمد ہو گا۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا آستانہ لال شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔چہلم کے جلوس کی سکیورٹی کے لیے 2500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں۔
چہلم شہدائے کربلا کے موقع پرضلع بہاول پور میں 12 جلوس برآمد ہوں گےاور 18 مجالسِ عزا برپا کی جائیں گی۔
اوچ شریف میں مرکزی جلوس امام بارگاہ محلہ خواجگان سے برآمد ہو گا۔
شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں ضلع گوجرانوالہ میں 12 جلوس برآمد ہوں گے جبکہ 5 مجالس برپا کی جائیں گی۔ گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس کوٹلی پیر احمد شاہ سے برآمد ہو گا۔
آپ کا تبصرہ